آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان

Published On 21 June,2025 06:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اس دوران کشمیر اور بالائی خیبر پختونحوا میں چند مقامات پر تیز، موسلادھار بارش کی توقع ہے جبکہ جنوب مشرقی سندھ میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، 23 جون تک ملک میں وقفے وقفے سے پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مرطوب ہوائیں خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے ملک کے بالائی، وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی اور مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی ملک کے بالائی علاقوں پر اثر انداز ہونے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق 23 جون تک کشمیر، گلگت بلتستان، مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال میں بارش کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق لاہور، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، چترال، دیر سوات، مالاکنڈ، بٹ گرام شانگلہ، کوہستان، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ، بنوں، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

اس دوران چند مقامات پر تیز بارش، ژالہ باری کی بھی توقع ہے، 21 سے 23 جون کے دوران ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، قلات، ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر اور ساہیوال میں آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کی توقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق 22 سے 24 جون کے دوران سکھر، لاڑکانہ، دادو اور جیکب آباد میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔