اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے اضافی مخصوص نشستوں پر اراکین کی رکنیت بحال کردی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی مخصوص نشستیں اور جنرل نشستوں پر پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر کامیاب امیدواروں کی واپسی کالعدم قرار دیتے ہوئے مجموعی طور پر 74 نشستیں بحال کی ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی 19، خیبرپختونخوا اسمبلی کی 25، پنجاب اسمبلی کی 27 اور سندھ اسمبلی کی 3 نشستیں بحال کر دی گئی ہیں۔
الیکشن کمیشن نے اس فیصلے کے تحت 24 اور 29 جولائی 2024 کو جاری کردہ وہ نوٹیفکیشنز بھی واپس لے لیے ہیں جن کے ذریعے پی ٹی آئی کے امیدواروں کی واپسی ظاہر کی گئی تھی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے 27 جون 2025 کو نظرثانی اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے مذکورہ نوٹیفکیشنز کو کالعدم قرار دیا تھا جس کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے یہ اقدام کیا۔
ترجمان کے مطابق عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد کیا گیا ہے اور بحال اراکین اب اسمبلیوں کی کارروائی میں شریک ہو سکیں گے۔
کس پارٹی کو کتنی نشستیں ملیں؟
الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کے بعد قومی اسمبلی میں خیبرپختونخوا کی خواتین کی 5 مخصوص نشستیں بھی بحال کی ہیں، قومی اسمبلی میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو دو دو جبکہ خیبرپختونخوا کی ایک مخصوص نشست جے یو آئی کو مل گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب سے قومی اسمبلی میں خواتین کی 11 مخصوص نشستیں بحال کردی گئی ہیں، 10 نشستیں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو ایک مخصوص نشست ملی ہے۔
اسی طرح قومی اسمبلی میں اقلیتوں کی 3 نشستیں بھی بحال کردی گئی ہیں، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد قومی اسمبلی میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کو ایک ایک اقلیتی نشست مل گئی۔
اس کے علاوہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں خواتین کی 21 مخصوص نشستیں بحال کی گئی ہے جن میں سے جے یو آئی کو 8، (ن) لیگ کو 6 اور پیپلز پارٹی کو 5 نشستیں ملی ہیں جبکہ تحریک انصاف پارلیمنٹیرین اور اے این پی کو بھی ایک ایک مخصوص نشست ملی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی میں اقلیتوں کی 4 نشستیں بھی بحال کی گئی ہیں جن میں جے یو آئی کو 2، (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کو ایک ایک اقلیتی نشست مل ہے۔
پنجاب اسمبلی میں خواتین کی 24 مخصوص نشستیں بحال کی گئی ہیں جن میں سے 21 نشستیں (ن) لیگ، ایک پیپلزپارٹی، ایک استحکام پاکستان پارٹی اور ایک مسلم لیگ (ق) کو ملی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اقلیتوں کی 3 نشستیں بحال کی گئیں جن میں سے (ن) لیگ کو اقلیتوں کی 2 اور پیپلزپارٹی کو ایک نشست ملی ہے جبکہ سندھ اسمبلی میں خواتین کی 2 مخصوص نشستیں بحال کی گئی ہیں جن میں خواتین کی ایک نشست پیپلز پارٹی اور ایک ایم کیو ایم کو ملی ہے۔
واضح رہے کہ تازہ فیصلے کے بعد حکومت اتحاد کو نہ صرف ایوان میں فیصلہ کن برتری حاصل ہو گئی ہے بلکہ آئندہ قانون سازی میں بھی اسے واضح سبقت حاصل ہو گی۔