تہران: (دنیا نیوز) ایران اور عراق جانے والے زائرین کی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدام پر اتفاق، زائرین کی سہولت کے لیے پاکستان، ایران اور عراق نے مشترکہ ورکنگ گروپ کی تشکیل کا فیصلہ کر لیا۔
زائرین کے مسائل حل کرنے کے لیے سہ ملکی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کے بعد پاکستان، ایران اور عراق کے حکام نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی، پاکستانی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ غیرقانونی عراق جانے والوں اور زائد قیام کرنے والوں کو ہر صورت روکنا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سہ ملکی کانفرنس میں اہم گفتگو ہوئی ہے، کانفرنس میں زائرین کے حوالے سے اہم مسائل کو اجاگر کیا گیا، زائرین کو درپیش مسائل حل کیے جائیں گے، زائرین کو سہولیات کے حوالے سے مزید بہتری لائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے ایران پر حملے کی کھل کر مذمت اور دفاعی حق کی حمایت کرتا ہے: محسن نقوی
وزیرداخلہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران بھائی ہیں اور ہمیشہ بھائی رہیں گے، آرگنائزر گروپ عراق جانے والے زائرین کی وطن واپسی کے ذمہ دارہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ زائرین گروپ آرگنائزرز کی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، صرف وہی لوگ انفرادی طور پر عراق جا سکیں گے جنہیں سفارت خانہ خصوصی ویزا دے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ گروپ آرگنائزرز سسٹم سے غیرقانونی عراق جانے والوں اور زائد عرصہ قیام کے رجحان کا خاتمہ ہوگا۔
وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ تہران، عراق اور ایران بھی پاکستان کے نئے نظام کے ساتھ ہیں۔