پشاور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات بلا مقابلہ کرانے کا حتمی فیصلہ کر لیا۔
سینیٹ انتخابات پر تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیا، جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق خیبرپختونخوا سینیٹ الیکشن میں تمام امیدواربلامقابلہ منتخب ہو گئے، ناراض کورننگ امیدواروں کے معاملے پر پر پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات دور ہو گئے، پی ٹی آئی کے ناراض امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے ہیں۔
پارلیمانی کمیٹی اور سیاسی کمیٹی نے پرانے ناموں کی توثیق کر دی، بلا مقابلہ انتخابات کے نتیجے میں سینیٹ کی چھ سیٹیں پی ٹی آئی کو ملیں گی، سینیٹ کی پانچ سیٹیں اپوزیشن کے حصے میں آئیں گی، پیپلزپارٹی او ر جے یو آئی ف کو2،2، مسلم لیگ ن کو ایک سیٹ ملے گی۔
اعلامیے کے مطابق خیبرپختونخوا کی پارلیمانی پارٹی سے مشاورت کے بعد یہ متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ خرید و فروخت کے شرمناک عمل کے خاتمے کے لئے بلا مقابلہ الیکشن کو ترجیح دی گئی، عمران خان کی ہدایت پر خیبرپختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کو انتخابی طریقہ کار طے کرنے کا اختیار دیا گیا تھا جس پر پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے اعتماد کا اظہار کیا۔
فائنل کئے گئے امیدواروں میں جنرل نشستوں پر مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا خان آفریدی اور پیر نورالحق قادری شامل ہیں، خواتین کی مخصوص نشست کے لئے روبینہ ناز، ٹیکنوکریٹ نشست پر اعظم سواتی اور سابق سینیٹر ثانیہ نشتر کی خالی نشست پر مشعال یوسفزئی کو نامزد کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سینیٹ الیکشن میں حکومت اور اپوزیشن کے معاہدے کے خلاف پی ٹی آئی کے ناراض امیدواروں نے دست بردار ہونے سے انکار کردیا تھا اور وزیراعلیٰ کے پی سے مذاکرات ناکام ہونے کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے گھیراؤ کی دھمکی دی تھی۔
پی ٹی آئی کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سیاسی کمیٹی نے بلا مقابلہ انتخابات کے فیصلے کی کثرت رائے سے منظوری دے دی ہے اور دیگر امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔