اعظم سواتی کی حفاظتی ضمانت منظور، عدالت نے گرفتاری سے روک دیا

Published On 18 July,2025 12:28 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے کسی بھی درج مقدمات میں گرفتاری سے روک دیا۔

پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس فرح جمشید نے اعظم سواتی کی مقدمات تفصیلات سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ ہم نے مقدمات تفصیلات کیلئے درخواست دائر کی ہے۔

اسسٹنٹ اتھارٹی جنرل نے کہا کہ اعظم سواتی کے خلاف راولپنڈی میں تین مقدمات درج ہیں، ہم تفصیلات دیتے ہیں یہ وہاں پیش نہیں ہوتے۔

جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے ریمارکس دیئے کہ اپنے لوگوں کو اتنا تھکاتے ہو کہ وہ سب کچھ بھول جاتے ہیں، لوگوں کوتھوڑا آرام کرنے دیں، کہ ایک رات سکون سے گزارے، درخواست گزار کے خلاف وفاق میں کتنے مقدمات درج ہیں، ان کی تفصیلات دیں۔

بعدازاں عدالت نے اعظم سواتی کی 9 ستمبر تک حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں کسی بھی درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیدیا۔