ہمارا موقف کلیئر، اپنےممبران کی بحالی تک اسمبلی نہیں جائیں گے: ملک احمد بھچر

Published On 17 July,2025 08:14 pm

لاہور: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر نے کہا کہ ہمارا موقف کلیئر ہے، اپنے ممبران کی بحالی تک اسمبلی نہیں جائیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد بھچرکا کہنا تھا کہ آج حکومت کے ساتھ مذاکرات کا تیسرا دور تھا، اپوزیشن اور حکومت کی طرف سے تجاویز آئیں، ایتھیکس کمیٹی، ایڈوائزری کمیٹی کو فعال کیا جائے گا۔

ملک احمد بھچر نے کہا کہ پُرامن احتجاج ہمارا حق ہے، گالم گلوچ دونوں اطراف سے نہیں ہوگی، ہم نے ممبران کی بحالی کا کوئی مطالبہ نہیں کیا، اگر ہمارے ممبران کو بحال کر دیں گے تو ٹھیک ہے، اگر ہمارے ممبران کل بحال نہیں ہوتے تو کل اسمبلی کے باہر ہمارا اجلاس ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ایم پی ایز ابھی بھی معطل ہیں، تین نکات پر ہمارا اتفاق ہوا ہے، اگر ہمارے ممبران بحال ہوں گے تو مذاکرات کامیاب ہیں، اگر ممبران بحال نہیں ہوتے تو مذاکرات ناکام ہیں۔

ملک احمد خان بھچر نے کہا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی نے بنیادی نکات پر اتفاق رائے کو سراہا ہے، سپیکر کا رولنگ دینا ان کا اپنا مسئلہ ہے، ہمیں کسی نے معافی کا کہا نہ ہم نے مانگی ہے۔