26 نومبر احتجاج کیس: چالان کی نقول تقسیم، غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری

Published On 16 July,2025 11:37 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) 26 نومبر احتجاج کیس کی سماعت کے دوران حاضر ملزمان میں چالان کی نقول تقسیم کر دی گئیں جبکہ غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے۔

انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر رہنماؤں کیخلاف آزادی مارچ اور 26 نومبر احتجاج کیسز کی سماعت ہوئی، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیسز پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور کارکنان کی جانب سے سردار محمد مصروف خان، مرتضیٰ طوری اور زاہد بشیر ڈار عدالت میں پیش ہوئے۔

کیس میں پی ٹی آئی قیادت عبوری ضمانت پر ہے، آزادی مارچ 2022 کے تھانہ سنگجانی میں درج مقدمے کی سماعت بانی پی ٹی آئی کی عدم دستیابی کے باعث آگے نہ بڑھ سکی، عدالت نے وزارت قانون کو لکھے گئے خط کے جواب نہ آنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ لیٹر یا فیصلہ لے آئیں اور اگلی تاریخ پر بتائیں کہ پراسیکیوشن کیا چاہتی ہے۔

عدالت نے 26 نومبر احتجاج کے مقدمہ میں حاضر ملزمان کو چالان کی نقول تقسیم کر دیں جبکہ آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی، غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

بعدازاں عدالت نے پراسیکیوشن کو ہدایت دی کہ آئندہ سماعت پر واضح مؤقف پیش کیا جائے تاکہ کیس کو آگے بڑھایا جا سکے اور ساتھ ہی کیس کی مزید سماعت 26 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔