لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی جیل میں طبیعت خراب ہو گئی، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
یاسمین راشد کے وکیل رانا مدثر ایڈووکیٹ نے بتایا کہ پی ٹی آئی رہنما کو جیل سے سروسز ہسپتال ایمرجنسی میں منتقل کر دیا گیا، ڈاکٹر یاسمین راشد کو سانس لینے میں شدید دشواری ہو رہی ہے، ان کو معدے میں بھی شدید تکلیف ہے۔
خیال رہے کہ یاسمین راشد کو ابتدائی طور پر 12 مئی 2023 کو مینٹیننس آف پبلک آرڈر کے تحت 9 مئی کے واقعات کے سلسلے میں حراست میں لیا گیا تھا۔
لاہور ہائی کورٹ نے 13 مئی کو یاسمین راشد کی رہائی کا حکم دیا تھا لیکن محض چند گھنٹے بعد 9 مئی سے متعلق مزید تین مقدمات میں دوبارہ گرفتار کر لیا گیا تھا جن میں جناح ہاؤس حملہ کیس بھی شامل ہے اور وہ اس وقت بھی جیل میں ہیں۔