عالیہ حمزہ کا کام ٹوئٹ کرنا نہیں، معافی مانگیں ورنہ کارروائی ہوگی: سلمان راجہ برس پڑے

Published On 15 July,2025 07:29 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالیہ حمزہ کا کام ٹوئٹ کرنا نہیں، وہ معافی مانگیں ورنہ کارروائی ہوگی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ حکومت مخالف تحریک کے لیے 90 روز والی ڈیڈلائن کو مسترد کرتا ہوں، مرزا آفریدی کے فارم ہاؤس پر جانے سے میرا کوئی تعلق نہیں، تحریک انصاف کسی کو پیسے کی بنیاد پر سینیٹ کا ٹکٹ نہیں دے گی۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل لاہور میں ہونے والے پی ٹی آئی کے ایک اجلاس میں دعوت نہ دینے پر پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ نے شدید تنقید کی تھی۔

عالیہ حمزہ نے سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے پارٹی قیادت کی حکمت عملی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ بتایا جائے 5 اگست کی تحریک کو 90 روز تک کون لے کر گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بتایا جائے عمران خان کی رہائی کے لیے تحریک کب اور کیسے چلے گی، اور اس کی حکمت عملی کیا ہوگی۔