شاہراہ بابوسر پر مواصلاتی نظام بحال، 8 مقامات سے سیلابی ملبہ ہٹا دیا گیا

Published On 26 July,2025 05:47 pm

گلگت: (دنیا نیوز) شاہراہ بابوسر پر ایس سی او کے تعاون سے مواصلاتی نظام بحال کر دیا گیا۔

ترجمان صوبائی حکومت کے مطابق شاہراہ بابوسر پر 8 مقامات سے سیلابی ملبہ ہٹا کر کھومل کے مقام تک سڑک بحال کر دی گئی۔

گانچھے میں سیلاب سے بڑی تباہی ہوئی ہے، 49 گھر تباہ ہوئے ہیں، شاہراہ بابوسر پر اب تک صرف 2 لاپتہ افراد کے لواحقین نے حکومت سے رابطہ کیا ہے۔

ترجمان صوبائی حکومت کے مطابق امید ہے شاہراہ بابوسر پر لاپتہ افراد کی تعداد بہت کم نکلے گی، اگلے 72 گھنٹے تک شاہراہ بابوسر کو بحال کرنے کی امید ہے۔

بلتستان، گلگت اور دیامر میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں تیزی لائی گئی ہے، فیری میڈوز میں پھنسے زیادہ تر سیاحوں کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔

ترجمان صوبائی حکومت کے مطابق ریسکیو و ریلیف آپریشن میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیموں، انتظامیہ، ٹورسٹ پولیس، عوام اور افواج پاکستان شامل ہیں۔