اسلام آباد:(دنیا نیوز) قومی اسمبلی کا اجلاس کل شام 5 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں شروع ہوگا۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس کا 32 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا،جس میں اسلام آباد میں زیر زمین پانی کی کمی پر توجہ دلاؤ نوٹس جب کہ پاکستان شہریت ایکٹ 1951 میں ترمیم کا بل پیش ہوگا۔
اسی طرح موٹر وہیکلز انڈسٹری ڈویلپمنٹ بل بھی اجلاس کا حصہ ہے، سی ڈی اے ترمیمی آرڈیننس 2025 ، نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی آرڈیننس ایوان میں پیش ہوں گے، کرمنل لاء ترمیمی بل 2024 پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی جائے گی۔
آسان کاروبار بل 2025 پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش ہوگی، نیشنل سکول آف پبلک پالیسی بل میں ترمیمی اورسول سرونٹس ایکٹ میں ترمیمی رپورٹس بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں، سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ 1860 میں ترمیم ،پاکستان پینل کوڈ اور ضابطہ فوجداری میں ترمیمی بل پیش کیا جائے گا۔
اجلاس میں وہسل بلوور پروٹیکشن کمیشن بل 2025 ، پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی بل 2025 ایوان میں پیش کیے جائیں گے، سینیٹ سے منظور نہ ہونے والا پاکستان کوسٹ گارڈز ترمیمی بل مشترکہ اجلاس کو بھیجا جائے گا، خواتین کے حقوق کمیشن کی سالانہ رپورٹ اور بچوں کے حقوق سے متعلق سالانہ رپورٹ بھی ایوان میں پیش کی جائے گی۔
دوسری جانب ساتویں این ایف سی ایوارڈ کی مانیٹرنگ رپورٹ ، اسلامی نظریاتی کونسل کی سالانہ رپورٹ اور انسانی حقوق، خزانہ اور اطلاعات کمیٹیوں کے میعاد کی رپورٹس پیش ہوں گی۔
علاوہ ازیں صدر پاکستان کے پارلیمنٹ سے خطاب پر اظہار تشکر کی تحریک پر بحث جاری رکھی جائے گی اور موٹروے پر اشیائے خوردونوش کی زائد قیمتوں پر توجہ دلاؤ نوٹس بھی زیر غور آئے گا۔