پاک فوج پنجاب میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے میں مصروف، سیکڑوں افراد ریسکیو

Published On 27 August,2025 12:46 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاک فوج پنجاب کے 6 اضلاع میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے میں مصروف عمل ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق لاہور، فیصل آباد، اوکاڑہ، قصور، سیالکوٹ اور نارووال اضلاع میں پاک فوج کل رات سے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کر رہی ہے، سیکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کا سامان اور جانور بھی محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے، متاثرین کیلئے امدادی کیمپ بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج اس مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ ہے۔

یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے سیلابی صورتحال کے باعث سول انتظامیہ کی امداد اور انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے فوج طلب کی تھی۔

دوسری پاکستان رینجرز (پنجاب) کا بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے۔

پاکستان رینجرز (پنجاب) دیگر اداروں کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ سرحدی علاقوں میں ریسکیو آپریشن میں مصروف ہے، ضلع قصور کے علاقے گنڈا سنگھ والا کےگردونواح میں رینجرز کے جوانوں نے سیلاب میں گھِرے 6890 افراد اور 1024 مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔