وزیراعلیٰ مریم نواز کا جلالپور پیروالہ کا دورہ، سیلاب متاثرین میں امدادی چیک تقسیم

Published On 10 September,2025 06:34 pm

ملتان: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جلالپور پیروالہ میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کے سیلاب متاثرہ عوام اور علاقوں کی بحالی کے جامع فریم ورک کی تیاری کا فیصلہ کر لیا جس کے لیے 14 رکنی اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کمیٹی کی کنوینئر مقرر، نوٹیفکیشن جاری ہو گیا، کمیٹی سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی میکانزم اور بحالی کا جامع فریم ورک تیار کرے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق خصوصی صحت، میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ایمرجنسی سروسز، آبپاشی، زراعت کے صوبائی وزرا کمیٹی کے ارکان مقرر کئے گئے ہیں۔

چیف سیکرٹری پنجاب کے علاوہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین بھی کمیٹی کے ارکان بنائے گئے ہیں۔

پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین کمیٹی کے سیکرٹری کے فرائض انجام دیں گے، آبپاشی، زراعت، خزانہ، ایمرجنسی سروسز (ریسکیو 1122) کے سیکرٹری بھی کمیٹی کے ارکان مقرر کر دیئے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کا ملتان اور جلال پور پیر والا کا فضائی جائزہ، سیلاب متاثرہ علاقوں کا مشاہدہ

کمیٹی کے دیگر ارکان میں اربن یونٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل بھی شامل ہیں، کمیٹی بوقت ضرورت ماہرین یا مزید افراد کو بھی رکن بنا سکتی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی سیلاب متاثرہ علاقوں میں بروقت اور مؤثر ردعمل کو یقینی بنانے کے لیے امدادی میکانزم تیار کرے گی، سیلاب متاثرہ طبقات کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے جامع فریم ورک تیار کیا جائے گا۔

کمیٹی بحالی کے اقدامات کے لیے فنڈنگ کے تقاضوں کا تعین اور ممکنہ وسائل کی نشاندہی کرے گی، کمیٹی فصلوں، گھروں اور دیگر نقصانات کا تفصیلی جائزہ لے کر رپورٹ مرتب کرے گی۔

تاریخ میں پہلی مرتبہ دریائی علاقوں، ان کے راستوں اور آبی گزرگاہوں کی ڈیجیٹل میپنگ کی جائے گی، کمیٹی فوری، وسط مدتی اور طویل المدتی اقدامات، اہداف کے تعین کے ساتھ عمل درآمد پلان بھی تیار کرے گی، کمیٹی ایک ہفتے کے اندر رپورٹ وزیراعلیٰ کے سامنے پیش کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم اے کی جنوبی پنجاب کے متعدد اضلاع سے شہریوں کا انخلا یقینی بنانے کی ہدایت

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی ہرممکن مدد کی جا رہی ہے، سیلاب سے بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں، متاثرین کو تیار کھانا اور طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کے ہلاک مویشیوں کا بھی ازالہ کیا جائے گا، پانی کی مکمل نکاسی تک انتظامیہ فیلڈ میں موجود رہے گی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اپنوں کے درمیان

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف سیلاب زدگان کا دکھ بانٹنے جلالپور پیر والا پہنچ گئیں، مریم نواز شریف کی گورنمنٹ کالج جلالپور پیر والا فلڈ ریلیف کیمپ آمد، سیلاب متاثرین میں گھل مل گئیں، سیلاب متاثرہ خواتین کو گلے لگا کر دلاسہ دیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سیلاب متاثرہ بچوں سے اظہارِ شفقت کیا، مریم نواز کی طرف سے سیلاب متاثرین کے لئے کھانے کا اہتمام کیاگیا، سیلاب متاثرین کے لئے خصوصی کھانے کا مینیو خود وزیراعلی مریم نواز شریف نے ترتیب دیا۔

مریم نواز شریف خود ڈش لیکر آئیں اور بچوں کوکھانا پلیٹ میں ڈال کر پیش کیا، مریم نواز شریف نے ننھے بچے کے منہ میں زردہ چاول کا نوالہ ڈالا اور پیار کیا، وزیر اعلیٰ نے سیلاب متاثرین بچوں اور خواتین میں خود پھل تقسیم کیے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب بزرگ خاتون کو دیکھ رک گئیں، کھانا پیش کیا، ساتھ مل کر کھایا، مریم نواز شریف نے سیلاب متاثرہ خواتین کو دلاسہ دیا اور ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی، انہوں نے سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثا کو امدادی رقوم کے چیک دیئے۔

مریم نواز شریف نے ہچکیاں لے کر رونے والی خاتون کو گلے لگا لیا اور تسلی دی جس پر بزرگ خاتون نے کہا کہ آپ پر دکھ آیا تو ہم روتے تھے، آج ہم تکلیف میں ہیں تو آپ ہمارے ساتھ ہیں، قائد محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا سیلاب متاثرین کا دکھ باٹنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

”حیاتی ہووے، ساڈی دھی آئی اے“ بزرگ شہری بھی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو دیکھ کر خوش ہو گئے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف برقعہ پوش بزرگ خاتون کے ساتھ بیٹھ گئیں، حال دریافت کیا اور دلاسہ دیا، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کنگ سلمان ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی طرف سے فوڈ پیکٹ تقسیم کئے، مریم نواز نے پی ڈی ایم اے کی طرف سے فوڈ پیکٹ اور دیگر امدادی سامان بھی تقسیم کیا۔