کراچی ڈوبنے کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے: ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

Published On 10 September,2025 10:57 am

کراچی: (دنیا نیوز) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنونیئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی کے ندی نالوں کے اطراف غیر قانونی گوٹھ بسانے اور تجاوزات کی اصل ذمہ دار سندھ حکومت ہے۔

اپنے بیان میں خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ بارش کی پیشگی اطلاع کے باوجود مناسب انتظامات نہ کرنا سندھ حکومت اور بلدیاتی نمائندوں کی مجرمانہ غفلت ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ سندھ حکومت نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن پر قبضہ کر کے اسے بھی تباہ کر دیا ہے، بارش کے بعد ناگن چورنگی، قیوم آباد، ایم نائن، ناظم آباد، نارتھ کراچی، ملیر، گڈاپ اور شاہراہ فیصل سمیت کئی علاقے اور مرکزی سڑکیں زیرِ آب آ گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس کے اربوں روپے سے بننے والی شاہراہ بھٹو کا بارش میں بہہ جانا پیپلز پارٹی کی کرپشن کی بدترین مثال ہے، غیر مقامی سندھ حکومت، بلدیاتی نمائندوں اور سرکاری افسران نے کراچی کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے۔

ایم کیو ایم رہنما کا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں حق پرست اراکین اسمبلی اور کارکنان کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ وہ امدادی سرگرمیوں کو تیز کریں اور شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں۔