کراچی: (دنیا نیوز) میئرکراچی مرتضیٰ وہاب سیلابی صورتحال میں متحرک ہوگئے، رات بھر شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کئے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے لیاری ندی، سپرہائی وے، موٹر وے ایم نائن اور دیگر علاقوں میں نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے جوان بھی ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں، حالات بتدریج بہتری کی طرف جارہے ہیں، مسائل کے حل کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، ہائی وے بند کرنے کا مقصد شہریوں کو نقصان سے بچانا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ چند گھنٹوں میں پانی کی سطح مزید کم ہونے کی امید ہے، لوگوں کو ریسکیو کرنا میری ذمہ داری ہے، ہرممکن کوشش کر رہے ہیں شہریوں کی مشکلات کم ہوں، 200 سے زائد افراد کو ریسکیو کیا۔
میئر کراچی نے مزید کہا کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، شہر میں 4 ریلیف سینٹرز قائم کئے ہیں، بارش کا سلسلہ صبح تک جاری رہنے کا امکان ہے۔