بھارت نے دریائے ستلج میں مزید پانی کی آمد بارے آگاہ کر دیا

Published On 09 September,2025 11:43 am

لاہور: (دنیا نیوز) بھارتی ہائی کمیشن نے دریائے ستلج میں پانی کی موجودہ صورتحال کے بارے میں پاکستانی حکام سے رابطہ کیا اور مزید پانی کی آمد کے حوالے سے معلومات فراہم کیں۔

بھارتی ہائی کمیشن کے مطابق دریائے ستلج میں ہریکے اور فیروزپور ڈاؤن سٹریم میں بدستور اونچے درجے کا سیلاب ہے اور بھارتی حدود میں موجود سیلابی ریلا پاکستان کی طرف بڑھ رہا ہے۔

بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس وقت دریائے ستلج میں پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 61 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ادھر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی میں مسلسل کمی ہونا شروع ہو گئی ہے، دریائے ستلج میں گزشتہ 12 گھنٹوں میں پانی کے بہاؤ میں تقریباً 70 ہزار کیوسک کی کمی ہوئی ہے۔

دریائے ستلج میں گزشتہ روز پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 27 ہزار کیوسک سے بھی تجاوز کر چکا تھا، اب دریائے ستلج میں پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 60 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے اور دریائے ستلج میں کمی کے باوجود ابھی بھی اونچے درجے کی سیلابی صورت حال برقرار ہے۔