حیدر آباد: (دنیا نیوز) حیدر آباد میں رات گئے تیز بارش سے شاہراہیں اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے، جس سے معمولات زندگی شدید متاثر ہوگیا، ضلعی انتظامیہ نے سندھ کے مختلف شہروں میں آج تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
حیدر آباد کے مختلف علاقوں ٹھنڈی سڑک، پٹھان کالونی، لیاقت کالونی، لطیف آباد، قاسم آباد، سٹیزن کالونی سمیت متعدد نشیبی علاقوں میں پانی ہی پانی ہوگیا، سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں تعلقہ سٹی میں 85 ملی میٹر بارش ہوئی، آج بھی وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا امکان ہے۔
بارش کی صورتحال کے باعث آج حیدرآباد کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج موسلا دھار سے شدید موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے اربن فلڈنگ کے خطرے سے خبردار کر دیا، آج شہر میں بارش کے 4 سے 6 سپیل متوقع ہیں جن میں بعض مقامات پر 100 ملی میٹر سے زائد بارش ہو سکتی ہے۔