چناب، ستلج، راوی میں سیلابی صورتحال برقرار، ریلوں کا رخ سندھ کی جانب ہوگیا

Published On 09 September,2025 05:28 am

لاہور: (دنیا نیوز) چناب، ستلج ،راوی میں اونچے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار رہی، پنجاب میں تباہی پھیلانے کے بعد ریلوں کا رخ سندھ کی جانب ہوگیا۔

گڈو بیراج پر پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہونے لگا، درمیانے درجے کا سیلاب آگیا، پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 16ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، گڈو بیراج سے 8 لاکھ کیوسک کا ریلا گزرنے کا امکان ہے، کچے کا بڑا علاقہ زیر آب آنے کا خدشہ پیدا ہوگیا، انتظامیہ ہائی الرٹ جاری کر دیا۔

خان پور میں دریائے سندھ میں چاچڑاں کے مقام سے 7 لاکھ 82 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلا گزرنے لگا، آئندہ 24 گھنٹے کے دوران 9 سے 10 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا گزرنے کا امکان ہے، دریائے سندھ میں سکھر کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔

سندھ حکومت نے حالات قابو میں ہونے کا دعویٰ کیا ہے، شرجیل میمن کہتے ہیں پانی کی سطح پر مسلسل نظر ہے، سندھ حکومت ہر مشکل وقت میں عوام کے ساتھ ہے، پنجند اور تریموں کے مقامات پر صورتحال خطرناک ہے، گڈو کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔