پسرور:(دنیا نیوز) تحریک انصاف نے سیلاب پر سیاست نہ کرنے کا اعلان کردیا۔
پنجاب کے شہر پسرور کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا ہنگامی دورہ کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کا ’دنیا نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت فوری امدادی پیکیج کا اعلان کرے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیلاب پر نیشنل ایکشن پلان تیار کیا جائے،قدرتی سانحہ سیلاب پر عملی اقدامات کیے جائیں اور متاثرین کو بروقت ریلیف دیا جائے۔
بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب پر سیاست نہیں، عوام کی خدمت کی جائے، تمام جماعتیں متحد ہو کر متاثرین کی مدد کریں۔
نارووال آمد
چیئرمین پی ٹی آئی نے نارووال آمد پرکہا کہ پنجاب میں 42 لاکھ افراد سیلاب سے متاثر ہوئے، 4 ہزار 300 دیہات متاثر، فصلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ بڑا المیہ ہے، اللہ کی طرف سے آزمائش ہے، پنجاب حکومت زخمیوں سمیت سب متاثرین کی مدد کرے، بولنے اور افسوس کی بہت باتیں ہیں، وقت ختم ہو جائے گا باب ختم نہیں ہو گا۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ کراچی کے عوام نے خیبرپختونخوا میں مدد کی، ہم سب کو ایک ہونا ہوگا،جیسے دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان بنا، ویسا ہی سیلاب کے خلاف بھی بننا چاہیے، پنجاب حکومت عوام کے درمیان تفرقہ نہ ڈالے۔