سیلاب کے نقصانات میں حکمرانوں کی نااہلیاں بھی شامل ہیں: حافظ نعیم الرحمان

Published On 08 September,2025 08:06 pm

منڈی بہاؤالدین:(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ سیلاب کے نقصانات میں ہمارے حکمرانوں کی بہت سی نااہلیاں بھی شامل ہیں۔

سیلاب زدہ علاقوں کے دورہ کے موقع پر حافظ نعیم الرحمان نے پنجاب کے علاقے قادر آباد میں سیلاب متاثرین اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاران سے ملاقاتیں کیں جب کہ پھالیہ میں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان کا جائزہ لیا۔

اپنے دورے کے دوران وہ گجرات میں بھی سیلاب متاثرہ علاقوں میں گئے اور وہاں کے متاثرین اور امدادی کاموں میں مصروف کارکنان سے مسائل دریافت کیے۔

گجرات میں گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ سالہا سال سے مسلط حکمران ہی عوامی مسائل کے ذمہ دار ہیں، پورے ملک میں سیلاب کے باعث بحرانی کیفیت کا سامنا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ قدرتی آفات کو ہم اللہ تعالیٰ کی آزمائش سمجھ کر اِس سے نکلنے کی کوشش کرتے ہیں ، لیکن اِس میں ہمارے حکمرانوں کی بھی بہت سے نااہلیاں ہیں ، جن کے بروقت کام نہ کرنے سے عوام بھگتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ چالیس سال ملک میں جوڑ توڑ کر کے وہی جماعتیں ملک پر مسلط ہیں، چند روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب نے جب یہاں کا دورہ کیا تھا تو انہوں نے حیران ہو کر پوچھا کہ اچھا یہاں سیوریج سسٹم ہی نہیں ہے، کیا انہیں یہ نہیں بتایا گیا کہ آپ طویل عرصے سے اِس صوبے کے حکمران ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسی طرح بلاول بھٹو زرداری نے بھی شہر قائد میں ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا جو 17سال سے کراچی میں رہ رہے ہیں کہ میرے گھر میں بھی ٹینکر سے پانی آتا ہے، نل سے نہیں، آپ اِن کی اداؤں پر قربان نہیں ہوں گے۔

حافظ نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ میں ملک میں چالیس سال سے مسلط حکمران طبقے سے صرف اتنا پوچھتا ہوں کہ یہ کس کو بے وقوف بناتے ہیں۔