اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کا امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، وزیراعظم نے الخدمت فاؤنڈیشن کی امدادی سرگرمیوں کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے خیبرپختونخوا کے سیلاب زدہ علاقوں میں ہونے والے نقصانات اور جاری امدادی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے حالیہ بارشوں سے خیبرپختونخوا، کراچی اور دیگر علاقوں میں عوام کی تکالیف کے فوری ازالے کے لیے امدادی سرگرمیوں میں تیزی لانے کی ضرورت کو محسوس کیا۔
وزیراعظم نے الخدمت فاؤنڈیشن کی امدادی سرگرمیوں کی تحسین کی اور کارکنان کے جذبے کو سراہا، امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ موجودہ حالات میں تمام سیاسی پارٹیوں کو اختلافات بھلا کر مشکلات کا شکار عوام کی خدمت پر توجہ دینی چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی نے حکومت پر زور دیا کہ ملک کو درپیش موسمیاتی تبدیلیوں کے شدید خطرات سے نمٹنے کے لیے موثر حکمت عملی اور منصوبہ جات تشکیل دیئے جائیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جہاں شہری علاقوں، سیاحت کے مقامات کو تجاوزات سے صاف کرنے کی ضرورت ہے وہیں بڑے شہروں میں نالوں کی بروقت صفائی کے طریقے اختیار کرکے بڑی تباہی سے بچا جا سکتا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت عالمی برادری کے سامنے پاکستان کا مقدمہ موثر طریقے سے پیش کرے، پاکستان کا شمار ان ممالک میں سرفہرست ہے جو عالمی طاقتوں کی ماحولیاتی آلودگی کے اثرات سے شدید متاثر ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیوں کے کارکنان کو دعوت دی ہے کہ وہ سیاسی اختلافات سے بالا ہوکر جماعت اسلامی اور الخدمت پاکستان کے کارکنان کے ساتھ سیلاب زدہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں میں ہاتھ بٹائیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی موجودہ صورتحال سے کسی قسم کا سیاسی فائدہ نہیں لینا چاہتی، کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ وہ کراچی اور خیبر پختونخوا کے عوام کی بڑھ چڑھ کر مدد کریں۔