ملک میں کوئی آوازایسی نہیں جو عوامی مسائل پر بات کرسکے: حافظ نعیم

Published On 09 August,2025 05:22 pm

کراچی:(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں کوئی آوازایسی نہیں جو عوامی مسائل پر بات کرسکے۔

شہر قائد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ پہلے چینی ایکسپورٹ کی گئی اب امپورٹ کی جارہی ہے، چینی کی بڑھتی قیمتوں کاذمہ دارکون ہے؟

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہمارامیئرنہیں آنے دیاگیا، ہم پیچھے نہیں ہٹے،ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، بجلی کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک کیوں نہیں پہنچ رہا، پاکستان میں کوئی آواز ایسی نہیں کہ عوام کے مسائل پرکوئی بات کر سکے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت اورریاست کی سطح پرعوام کے ساتھ دھوکا دہی کی جارہی ہے، گزشتہ سال زراعت میں آگے تھے موجودہ مالی سال میں ہم پیچھے ہیں، کسان رُل گئے، کبھی کھاد نہیں ملتی، کبھی گنے کی قیمت پوری نہیں ملتی۔

حافظ نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ غزہ میں بھوک سے ہزاروں کی تعدادمیں بچے شہید ہو چکے، فلسطینیوں اورکشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہونا ہو گا، غزہ کے لوگوں کیلئے آواز بلند کرنی چاہیے۔