سیاحتی مقامات پر دریا کنارے تجاوزات اور غیر قانونی ہوٹل ختم کیے جائیں: حافظ نعیم

Published On 28 June,2025 07:24 pm

لاہور:( دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی جماعت حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سیاحتی علاقوں میں دریا کے کناروں پر تجاوزات اور غیر قانونی طور پر قائم ہوٹلوں کا خاتمہ کیا جائے۔

صوبائی دارالحکومت میں منصورہ سے جاری بیان میں حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ سوات واقعہ سے پی ٹی آئی کی نااہلی ایک بار پھر کھل کر سامنے آچکی ہے،کے پی میں پی ٹی آئی گزشتہ تیرہ برسوں سے حکمرانی کررہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سے سیاحوں تک پہنچنے میں ہیلی کاپٹر سے محض آدھ گھنٹہ درکار تھا، حکمرانوں نے عوام کو تنہا، بے یارومددگار اور مرنے کے لیے چھوڑ دیا ہے، ملک کا حکمران طبقہ وسائل کو ذاتی مال سمجھ کر ڈکار رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں عوام کے تحفظ میں مکمل ناکام ہوگئیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیاحتی علاقوں میں دریا کے کناروں پر تجاوزات اور غیر قانونی طور پر قائم ہوٹلوں کا خاتمہ کیا جائے۔