اسلام آباد:(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے بنگلہ دیش کے سفیر اقبال حسین نے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں ممالک اور خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات امیر جماعت اسلامی کے اسلام آباد دفتر میں ہوئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش دوستی کے ایک نئے دور میں داخل ہوئے ہیں، عوامی سطح پر دونوں ممالک کو مزید قریب لانے کی ضرورت ہے، دونوں ممالک کے درمیان دفاع، تعلیم، تجارت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش دینی، تہذیبی اور ثقافتی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں، دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے سے الگ نہیں کیا جا سکتا، ہمیں دفاع اور سلامتی کے حوالے سے ایک جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔
آخر میں امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ باہمی دوستی کو فروغ دینا دونوں ممالک کی تقویت کا باعث ہو گا، انہوں نے بنگلہ دیش کے سفیر کو جماعت اسلامی کے مختلف اداروں کے بارے میں آ گاہی دی۔