مالاکنڈ:(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان پوری دنیا میں پوری قو ت کے ساتھ سامنے آ گیا۔
امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا خیبر پختونخوا کے ضلع ملا کنڈ میں مارچ کے شرکا سےخطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کیا ہوا ہے، کشمیرکا فیصلہ کشمیری عوام کی امنگوں کےمطابق ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلگام کا ڈرامہ رچایا، مسلح افواج نےبھارت پر حملہ کیا تو بھارت کی ٹیکنالوجی بھی کام نہ آسکی، آپ دنیا کے طاغوتی قوتوں کے خلاف کھڑے ہیں اور کشمیری پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حق خود ارادیت کشمیر کے لوگوں کو دیا جائے اقوام متحدہ کا فیصلہ تھا، یہاں کے غیور عوام سری نگر تک پہنچ گئے تھے، کشمیر کے لوگ پاکستان کے نام پر جان دے رہے ہیں، رافیل طیارے اور 80 ڈرونز گرائے گئے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اختلافات کے باوجود ہم نے حکومت کی حمایت کی، ہماری فوج اور حکومت نے کہا کہ ہم انڈیا کو عبرت کا نشانہ بنائیں گے، اداروں اور حکومت سے خفیہ کچھ افراد نے لوگوں میں مایوسی پھیلانے کی کوشش کی۔
انہوں کا مزید کہنا تھا کہ آج پاکستان پوری دنیا میں پوری قو ت کے ساتھ سامنے آ گیا ہے، یہ جہاد کی برکت ہے، یہ پاکستان لا الہٰ اللہ کے نام پر بنا ہے، شہدا کے خون سے پاکستان بنا ہے۔