لاہور: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی نے بھارت کے غیر منطقی اقدامات پر پاکستان کے اصولی موقف کی تائید کر دی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے منصورہ میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی، پاک بھارت کشیدگی اور سرحدوں کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے نیشنل سکیورٹی کونسل کے فیصلوں کے بارے میں بریفنگ دی اور پاکستان کے اصولی موقف اور فیصلوں سے آگاہ کیا۔
امیر جماعت اسلامی نے بھارت کے غیر منطقی اقدامات کے تناظر میں پاکستان کے اصولی موقف کی تائید کی اور بھر پور حمایت کا یقین دلایا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے معاملے پر پوری قوم یکجا ہے، لاکھوں بیگناہ کشمیریوں کو قتل کرنے والی مودی سرکار کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔
اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بھارت جان بوجھ کر سازش کے ذریعے خطے کا امن تباہ کرنے کے درپے ہے، سیاسی اکابرین اور قوم بھارت کی کسی بھی جارحیت کے خلاف یکجان ہیں، پاکستان کی بہادر مسلح افواج دفاع وطن کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔
دوران ملاقات فلسطین کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جماعت اسلامی کے سینئر رہنما لیاقت بلوچ بھی موجود تھے۔