خیبر پختونخوا کے دشمن سندھ اور پنجاب نہیں، حکمران ہیں: حافظ نعیم الرحمان

Published On 30 July,2025 06:55 pm

پشاور: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے دشمن سندھ اور پنجاب نہیں، حکمران ہیں۔

عوام سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جس صوبے کے وسائل ہوں تو اسی صوبے اور عوام کا حق پہلے ہوتا ہے، سینٹ انتخابات کے بٹوارے کے دوران تمام سیاسی جماعتیں ایک ہو گئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ 25 سال سے قبائلی اضلاع کے عوام تباہ ہو رہے ہیں، ان کے مسائل حل کرنے کیلئے حکمران ایک جگہ پر بیٹھ جائیں، تمام مسائل کو حل کرنا پڑے گا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکمرانوں کو ایک ساتھ بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنا ہوگا، ہمیں امن و امان کیلئے افغانستان کی حکومت کیساتھ بات کرنی ہو گی۔

امیر جماعت اسلای نے کہا کہ افغان حکومت کا آمادہ کرنا ہوگا کہ افغانستان کی سر زمین پاکستان کیخلاف استعمال نہ کی جائے، افغان ہمارے بھائی ہیں، ہمارا ان پر حق ہے اور ان کا ہم پرحق ہے۔