مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر میں ڈینگی وائرس کی وبا نے شدت اختیار کر لی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 51 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 2960 تک پہنچ گئی ہے۔
ڈینگی کنٹرول روم کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ مظفرآباد جہاں 2215 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، اس کے علاوہ، باغ میں 115، میرپور میں 504، جہلم ویلی میں 16، نیلم میں 33، سدھنوتی میں 3، حویلی میں 6، پونچھ میں 42، کوٹلی میں 17 اور بھمبر میں 11 کیسز سامنے آئے ہیں۔
آزاد کشمیر کے مختلف ہسپتالوں میں اس وقت 29 مریض زیر علاج ہیں، جبکہ 389 مریض ریکوری کے بعد اپنے گھروں کو منتقل ہو چکے ہیں۔
ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے محکمہ صحت کی جانب سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ مزید افراد اس وائرس کا شکار نہ ہوں۔