بھارتی آبی جارحیت کے خلاف عالمی عدالت میں جانا ہوگا: حافظ نعیم

Published On 29 August,2025 06:20 pm

پسرور:(دنیا نیوز) جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ بھارتی آبی جارحیت کے خلاف عالمی عدالت میں جانا ہوگا۔

پنجاب کے علاقے پسرور، شگرگڑھ کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، قوم کا پیسہ قوم پر کیوں نہیں لگاتے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے مشینری کیوں حرکت میں نہیں آتی، حکومت اور متعلقہ اداروں کی جانب سے پہلے سے انتظامات کیوں نہیں کیا جاتا؟ سی ایم صاحبہ کشتیوں کے نمائشی سفر اور دکھاوے کو چھوڑیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں حکومت سے جماعت اسلامی تعاون کے لیے تیار ہے، جماعت اسلامی متاثرین پر احسان نہیں کررہی ، دُکھ کی گھڑی میں ساتھ ہیں، بہت ہو گئی ہیں تصاویر اور نمود نمائش ، حکومت اب کام کی طرف توجہ دے۔

دوسری جانب نارووال کے علاقے شکرگڑھ، کرتار پور میں سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بھارت نے جو آبی جارحیت کی، اس پر حکومت سے سوال کرتا ہوں،اس ثالثی کا کیا ہوا جس پر ٹرمپ کو نوبل پرائز کی تجویز دی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن امریکہ کی چاپلوسی میں مصروف ہے، انہوں نے دوران گفتگو تجویز دی کہ  بھارتی آبی جارحیت کے خلاف عالمی عدالت میں جانا ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ تحصیل شکرگڑھ کا 35 فیصد علاقہ زیر آب ہے، ضلع نارووال کے سیلاب متاثرین کے ساتھ ہمدردی ہے، حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں سیلاب متاثرین کی مدد کریں۔