حکومتوں کے اے ٹی ایمز جنگلات کی کٹائی میں ملوث ہیں: حافظ نعیم

Published On 06 September,2025 05:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ شمالی علاقہ جات میں ہونے والے نقصانات کے ذمہ دار درختوں کی کٹائی میں ملوث عناصر ہیں اور حکومتوں کے اے ٹی ایمز جنگلات کی کٹائی میں ملوث ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے  محفوظ مستقبل، آبی وسائل کا موثر انتظام اور ماحولیاتی تحفظ  کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے مسائل کا حل پیش نہ کرنے کی وجہ سے ملک مشکلات میں گھرتا جا رہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پانی کا مسئلہ جماعت اسلامی کے  ری بلڈ پاکستان  منصوبے کا حصہ بنائیں گے، منظم طریقے سے قوم کو ساتھ لے کر چلا جائے تو پاکستان بہت آگے جا سکتا ہے، ہم نے مشکل حالات میں اپنے ازلی دشمن کو شکست دی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 2017 میں پاکستان کو ارلی وارننگ کے لیے قرض ملنا شروع ہوا، حکومتوں نے ارلی وارننگ کے حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کیے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ارلی وارننگ سسٹم نہ لگانے کے ذمہ داران کا تعین کیا جا نا چاہیے، حادثہ ہو جانے کے بعد ہمارے ادارے جاگتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکن اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر مشکل وقت میں عوام کی مدد کرتے ہیں، کالاباغ ڈیم کی بات اسی لیے کی جاتی ہے تاکہ اصل مسائل سے توجہ ہٹائی جا سکے، اگر کالاباغ ڈیم کے حق میں حکومت کے پاس دلائل ہیں تو سامنے لائے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ راوی کے راستے پر روڈا کی اتھارٹی بنا دی گئی، وزیر کی سطح کے لوگوں نے روڈا کے حق میں دلائل دیئے، نئی حکومت نے بھی راوی اربن ڈویلپمنٹ کے منصوبے کو جاری رکھا۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیاں بنانے والے حکومتوں کے فنانسر ہیں، ایک دوسرے کا تحفظ کرنے والا مافیا ہمارے سروں پر سوار ہے۔