ڈی جی ہیلتھ سروسز پنجاب کا فیصل آباد میں صحت سہولیات کا جائزہ

Published On 24 October,2025 12:53 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر خالد محمود نے الحمد ہسپتال اینڈ کالج آف پیرا میڈیکل سائنسز فیصل آباد کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی صحت کی سہولیات، ہسپتال میں صفائی ستھرائی کے انتظامات اور عملے کی حاضری کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ڈاکٹر خالد محمود نے فیصل آباد سٹی میں قائم کلینکس آن ویل کا بھی دورہ کیا، جہاں متعلقہ یونین کونسل میں عوام کو گھروں کے قریب فراہم کی جانے والی صحت کی سہولیات اور ادویات کی فراہمی کے نظام کا معائنہ کیا۔

انہوں نے مقامی لوگوں کو یقین دلایا کہ وزیرِ صحت پنجاب اور سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کے ویژن کے مطابق معیاری اور بروقت صحت کی سہولیات کی فراہمی کو سو فیصد یقینی بنایا جائے گا۔

ڈی جی ہیلتھ سروسز پنجاب نے بعد ازاں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ فیصل آباد سے تفصیلی بریفنگ لی، بریفنگ کے دوران انہیں ہیلتھ انڈیکیٹرز اور ورٹیکل پروگرامز پر آگاہ کیا گیا جن میں ڈینگی، ہیپاٹائٹس، ٹی بی کنٹرول پروگرام، مریم نواز ہیلتھ کلینک اور کلینکس آن ویل شامل تھے۔

ڈاکٹر خالد محمود نے اس موقع پر تمام پروگراموں میں کارکردگی کو مزید بہتر بنانے، عوامی سطح پر صحت کی سہولیات کی فراہمی کو مؤثر بنانے اور سرویلنس سے متعلق کیسز کے بروقت رسپانس کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے سی ای او ہیلتھ فیصل آباد کو ہدایت جاری کی کہ سرویلنس کے عمل کو مزید تیز کیا جائے اور فیلڈ رپورٹس پر فوری ایکشن کو یقینی بنایا جائے۔

بعد ازاں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب نے ارلی چائلڈ ہُڈ ڈویلپمنٹ کے حوالے سے ایک اہم میٹنگ کی صدارت بھی کی جس میں بچوں کی نشوونما، غذائیت اور ماں و بچے کی صحت سے متعلق اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔