اسلام آباد: (دنیا نیوز) بریسٹ کینسر کیلئے پاکستان کا پہلا مفت سکریننگ سینٹر پمز ہسپتال اسلام آباد میں قائم کر دیا گیا۔
اسلام آباد میں بریسٹ کینسر ویک کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اعلان کیا ہے کہ پاک انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں بریسٹ کینسر کی مفت سکریننگ کے لئے ملک کا پہلا سہولیات مرکز قائم کیا گیا، پمز میں بریسٹ کینسر کی تشخیص کیلئے مفت سکریننگ سینٹر کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ بریسٹ کینسر سے لڑنے کیلئے پہلے اس کی تشخیص نہایت ضروری ہے، ہم نہیں چاہتے کہ لوگ پہلے بیمار ہوں اور پھر ہسپتال آئیں، یہ سینٹر خواتین کو بیمار ہونے سے پہلے ان کی تشخیص کرے گا۔
وزیر صحت نے اس موقع پر عوام کو آگاہی کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بریسٹ کینسر کے خلاف جنگ آگاہی سے جیتی جاتی ہے، ہم نے اپنی ماں، بہن اور بیٹی کو بریسٹ کینسر جیسی موذی بیماری سے بچانا ہے۔
انہوں نے طبی عملے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے اللہ کے ہاں بڑا اجر پاتے ہیں‘‘۔
مصطفیٰ کمال نے اصرار کیا کہ بیمار ہونے سے پہلے خواتین اور بچیوں کو یہ ٹیسٹ کروانا چاہیے، اس نئی سہولت کے قیام سے ملک بھر کی خواتین کو بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
وزیر صحت نے مستقبل کے منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی سطح پر بھی سکریننگ سینٹر ہونا چاہیے۔