لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں چھاتی کے سرطان کے خلاف آج عالمی دن منایا جا رہا ہے۔
چھاتی کے سرطان کے خلاف عالمی دن ہر سال 19 اکتوبر کو منایا جاتا ہے، اس دن کا مقصد چھاتی کے کینسر کے بارے میں شعور بڑھانا اور بروقت تشخیص اور علاج کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق پاکستان میں ہر سال ہزاروں خواتین بریسٹ کینسر کا شکار ہوتی ہیں اور بدقسمتی سے ان میں سے زیادہ تر کو بیماری کی تشخیص اُس وقت ہوتی ہے جب وہ تیسرے یا چوتھے مرحلے میں پہنچ چکی ہوتی ہے، جس سے علاج کے امکانات محدود ہو جاتے ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان چھاتی کے سرطان کے خلاف عالمی برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، چھاتی کا سرطان خواتین میں سب سے عام سرطان ہے، بروقت تشخیص سے 90 فیصد تک علاج ممکن ہے، حکومتِ پاکستان مفت میموگرافی اور تشخیصی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزارتِ صحت کی سرپرستی میں ملک بھر میں بریسٹ کینسر کلینکس قائم کئے جا رہے ہیں، لیڈی ہیلتھ ورکرز کو چھاتی کے سرطان کی ابتدائی علامات پہچاننے کی تربیت دی جا رہی ہے، ٹیلی میڈیسن کے ذریعے دور دراز علاقوں کی خواتین کو علاج اور مشاورت فراہم کی جا رہی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ آگاہی، بروقت معائنہ اور علاج چھاتی کے سرطان کے خلاف مضبوط ہتھیار ہیں، اپنی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو باقاعدہ خود معائنہ اور سکریننگ کی ترغیب دیں، چھاتی کا سرطان قابلِ علاج ہے، خاموشی توڑیں، آگاہی بڑھائیں۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ حکومتِ پاکستان قومی کینسر رجسٹری اور کنٹرول پروگرام پر کام کر رہی ہے، بروقت تشخیص جانیں بچا سکتی ہے، خاندان محفوظ رہ سکتے ہیں، آج کا دن چھاتی کے سرطان سے بچاؤ کے عزم کی تجدید کا دن ہے، آگاہی بڑھائیں، جانیں بچائیں، چھاتی کے سرطان کو شکست دیں، اللہ تعالیٰ ہمارے اقدامات میں برکت دے اور مریضوں کو شفا عطا فرمائے۔