مظفرآباد:(دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ ایک شہری جان کی بازی ہار گیا۔
ڈائریکٹر سی ڈی سی ڈاکٹر فاروق اعوان نے کہا کہ ڈینگی کنٹرول روم نے متاثرہ شخص کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی، مظفرآباد کے ہسپتال میں زیر علاج مریض ڈینگی مچھر کے کاٹنے سے جاں بحق ہوا۔
انہوں نے کہا کہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 74 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے،ڈینگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 3075 تک پہنچ گئی۔
دوسری جانب ڈینگی کنٹرول روم سے ملنے والے اعداد وشمار کے بتایا گیا کہ مظفرآباد میں 2257، باغ 124 جبکہ میرپور میں 565 ، جہلم ویلی 16، نیلم 33 ، سدھنوتی 3 ، حویلی 6 جب کہ پونچھ ضلع میں 42 کیسز رپورٹ ہوئے۔
علاوہ ازیں ضلع کوٹلی 17 اور بھمبر میں بھی 12 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ،مختلف ہسپتالوں میں 22 مریض زیر علاج ہیں ، مزید 417 مریض ریکوری کے بعد گھر شفٹ کر دیے گے۔