پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی ایوان صدر طلب

Published On 14 October,2025 06:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کو آج رات ایوان صدر طلب کر لیا۔

اہم اجلاس آج رات ساڑھے 10 بجے ایوان صدر اسلام آباد میں ہوگا، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ بھی اجلاس میں شریک ہوں گے، صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چودھری یاسین کی زیر سربراہی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں شریک ہو گی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد کشمیر حکومت میں کا حصہ رہنے یا علیحدگی پر حتمی فیصلہ متوقع ہے، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی جانب سے حکومت سے علیحدگی کی تجویز دی گئی تھی۔

پیپلز پارٹی قیادت نے 2 روز قبل فریال تالپور سے کراچی میں ملاقات کی تھی، کراچی اجلاس میں آزاد حکومت کا حصہ رہنے یا نہ رہنے سے متعلق معاملے پر تفصیلی مشاورت کی گئی تھی۔

اجلاس میں فریال تالپور سمیت پارلیمانی پارٹی نے فیصلے کا اختیار صدر آصف زرداری پر چھوڑ دیا تھا، آج ہونے والے اجلاس میں آزاد کشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا۔

راجہ پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ ایکشن کمیٹی سے ہونے والے مذاکرات پر صدر مملکت کو بریفنگ دیں گے، اجلاس میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی سیاسی حکمت عملی طے کی جائے گی۔

ایوان صدر میں طلب کئے گئے اجلاس میں سردار یعقوب، لطیف اکبر، فیصل ممتاز راٹھور، میاں عبدالوحید، بازل نقوی سمیت تمام ممبران شرکت کریں گے۔