صدر آصف زرداری سے ترکیہ اور آذربائیجان کے پارلیمانی سپیکرز کی ملاقات

Published On 13 October,2025 06:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترکیہ اور آذربائیجان کی پارلیمانوں کے سپیکرز کی صدر آصف علی زرداری سے ملاقات ہوئی۔

ترکیہ کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکر ڈاکٹر نعمان کرتلمش اور آذربائیجان کی ملی مجلس کی چیئرپرسن صاحبہ غفارووا نے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی، قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق بھی ملاقات کے دوران موجود تھے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان ترکیہ اور آذربائیجان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، باہمی تعلقات مشترکہ عقیدے، باہمی اعتماد اور علاقائی امن و خوشحالی کے مشترکہ جذبے پر استوار ہیں۔

صدرِ مملکت نے سپیکرز کو تیسری سہ فریقی سپیکرز کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی، صاحبہ غفارووا نے آذربائیجان کی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔

چیئرپرسن ملی مجلس کی پاکستانی پارلیمنٹیرینز کو باکو کے دورے کی دعوت دی۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں ترکی کی دلچسپی خوش آئند ہے، جلد ایک زون کا نام صدر رجب طیب ایردوان سپیشل انڈسٹریل زون رکھا جائے گا۔