پنجاب اور سندھ کی حکومتوں میں کشیدگی، صدر آصف زرداری نے محسن نقوی کو طلب کرلیا

Published On 06 October,2025 02:58 pm

کراچی: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے صوبائی حکومتوں میں کشیدگی پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور کراچی طلب کر لیا۔

ذرائع کے مطابق صدر مملکت اور وزیر داخلہ کے درمیان گفتگو میں سندھ اور پنجاب حکومتوں کے درمیان حالیہ کشیدگی کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا، صدر آصف زرداری نے وزیر داخلہ کو فوری طور پر کراچی طلب کر لیا تاکہ صورتحال کا جائزہ لے کر تناؤ کم کرنے کے لیے اقدامات پر مشاورت کی جا سکے۔

ذرائع کے مطابق صدر زرداری نے وفاقی اور صوبائی سطح پر معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنے پر زور دیا۔

واضح رہے کہ سیلاب کے بعد پنجاب اور سندھ کی حکومتوں کے درمیان کارکردگی کے نام پر بیان بازی کا سلسلہ جاری ہے، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے پنجاب حکومت کو ترقیاتی حوالے سے مناظرے کا چیلنج کیا تھا جو وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے قبول کر لیا ہے جبکہ علاقائی سطح کے سیاستدان بھی میدان میں اترے ہوئے ہیں۔

گزشتہ روز سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس کے دوران دعویٰ کیا تھا کہ پنجاب حکومت ہماری آڑ میں وزیراعظم کو نشانہ بنارہی ہے اور ایسا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے پیپلزپارٹی وفاقی حکومت کوسپورٹ نہ کرے۔

جس کے جواب میں وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آپ اتنے بچے ہیں پنجاب حکومت آپ کو وفاق کے خلاف سازش کرنے کی طرف دھکیل رہی ہے اور آپ اس کا حصہ نہیں بن رہے ہیں، انہوں نے سوال کیا کہ آپ کو پنجاب کے سیلاب متاثرین پر سیاست کرنے کے لیے وزیراعظم نے کہا تھا؟