مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر میں سیاسی تبدیلیوں کے امکانات بڑھ گئے۔
پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ ن نے حکومت آزاد جموں و کشمیر سے الگ ہونے کا فیصلہ کر لیا، پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹی اور کور کمیٹی ممبران کے اجلاس میں حکومت سے الگ ہونے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی، پیپلزپارٹی کی طرف سے وزارت عظمیٰ کیلئے 3 امیدواروں کے نام بھی سامنے آگئے۔
وزارت عظمیٰ کیلئے جو نام سامنے آئے ہیں ان میں چودھری محمد یاسین، حاجی محمد یعقوب اور چودھری لطیف اکبر شامل ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما شاہ غلام قادر نے کہا کہ موجودہ حکومت سے الگ ہو کر اپوزیشن میں بیٹھنے کو ترجیح دیں گے، حکومت سے علیحدگی کا حتمی فیصلہ مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کرے گی۔
آزاد جموں و کشمیر میں ن لیگ، پیپلزپارٹی، جموں و کشمیر پیپلزپارٹی اور مسلم کانفرنس کی اتحادی حکومت ہے۔