مظفرآباد: ( دنیا نیوز) صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ افغان وزیر خارجہ اپنی تاریخ سے نابلد ہے، افغانستان کے عوام ہمیشہ کشمیریوں کے موقف کے ساتھ کھڑی رہی ہے، لیکن طالبان حکومت کا بھارت کے کہنے پر گمراہ کن بیان دینا افسوسناک ہے، اس کی جنتی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
اپنے بیان میں شاہ غلام قادر کا کہنا تھا کہ حکومت آزاد کشمیر فوری طور پر آزاد کشمیر میں غیر قانونی طور پر مقیم افغانیوں کے حوالے سے اپنی پالیسی واضح کرے، آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں غیر قانونی طور پر ہزاروں افغانی رہائش پذیر ہیں ان کو فوری طور پر واپس افغانستان بھیجا جائے۔
انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کی جانب سے پاکستان پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، افغان ، بھارت گٹھ جوڑ زیادہ دیر تک نہیں چل سکے گا، شہداء کشمیر سے غداری کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے پہلے ازلی دشمن بھارت کے دانت کھٹے کئے ان کو اپنی اوقات یاد دلائی اسی طرح پاک فوج نے طالبان حکومت کو ناکوں چنے چبوائے، کشمیری قوم پاک فوج پر فخر کرتی ہے اور پاک افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔
صدر مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ افغان حکومت کے بھارت میں بیٹھ کر کشمیر پر گمراہ کن مؤقف کی مذمت کرتا ہوں، افغانستان اور بھارت نے حالیہ ملاقات میں ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے جس میں کشمیر کو بھارت کا حصہ قرار دینے کا اشارہ دیا گیا ہے جو کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور مسلمان کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے سراسر خلاف ہے۔
شاہ غلام قادر کا کہنا تھا کہ یہ گمراہ کن مؤقف نہ صرف تاریخی اور شرعی طور پر باطل ہے بلکہ لاکھوں شہداء کشمیر کی قربانیوں کی توہین بھی ہے، اقوامِ متحدہ نے کشمیر کو متنازعہ علاقہ قرار دیا ہے، کشمیری عوام کو ریفرنڈم کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا گیا ہے، کوئی ملک چاہے بھارت ہو یا افغانستان اس فیصلے کو بدل نہیں سکتا۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کو جس جرات، مہارت اور بہادری سے جواب دیا، وہ پوری قوم کیلئے باعثِ فخر ہے، سرحدوں پر حملہ دراصل پاکستان کی خودمختاری اور قومی وقار پر حملہ ہے، قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے۔
صدر مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر کا کہنا تھا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ہر محاذ پر ناکام بنایا جائے گا، پاکستان ایک مضبوط قلعہ ہے، ہماری افواج ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، افواجِ پاکستان قوم کا فخر ہیں، اُن کے حوصلے بلند اور عزم ناقابلِ شکست ہے۔