ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کامیاب، پاکستان اور آزاد کشمیر کی جیت ہوئی: حکومتی رہنما

Published On 04 October,2025 05:15 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) حکومتی کمیٹی نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کامیاب ہونے پر پاکستان اور آزاد کشمیر کی جیت ہوئی۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی جانب قائم کردہ حکومتی کمیٹی نے مظفرآباد سے کامیاب مذاکرات کے بعد اسلام آباد پہنچ کر میڈیا سے خصوصی گفتگو کی وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا امیر مقام ، طارق فضل چودھری،راجہ پرویز اشرف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آزادکشمیرمیں عوامی ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کامیاب ہوگئے۔

اُنہوں نے کہا کہ انتظامی ڈھانچے میں کمی، کوتاہی کو دور کیا جانا چاہیے، معاہدے سے پاکستان اور آزادکشمیر دونوں کی جیت ہوئی ہے جس کی کامیابی پر آزادکشمیر کے عوام مبارکباد کے مستحق ہیں۔

امیر مقام
وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیرو گلگت بلتستان امیر مقام کا کہنا تھا کہ بھارت کی کشمیر میں خونریزی کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی، مذاکرات کی کامیابی پر وزیراعظم شہبازشریف کے مشکور ہیں، دونوں فریقین کے درمیان خوش اسلوبی سے معاملات طے پاگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں وفاقی وزراء اور عوامی ایکشن کمیٹی کے مذاکرات کامیاب، معاہدہ طے

اُنہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام سے بہن بھائی کا رشتہ قائم رہے گا، پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کیلئے حمایت جاری رکھے گا۔
طارق فضل چودھری
وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا کہ معاہدے کے بعد کشمیر میں امن بحال ہوا،مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت فنڈز فراہم کرے گی۔
راجہ پرویز اشرف
صدر پاکستان پیپلزپارٹی راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے آزادکشمیر کے معاملے پر فوری کمیٹی تشکیل دی،وہاں کے عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں، اُن کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کیے گئے۔

راجہ پرویز اشرف مزید کہنا تھا کہ نفرت سے نہیں محبت سے ہی مسائل حل ہوتے ہیں، پاکستان اور کشمیر یک جان دو قالب ہیں،ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔