مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر میں ڈینگی وائرس کا پھیلاؤ تیز ہوگیا، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 69 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، ڈینگی کے باعث اب تک 2 افراد جان کی بازی بھی ہاہ چکے ہیں۔
ڈینگی کنٹرول روم کے مطابق آزاد کشمیر میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 3,214 تک پہنچ گئی ہے۔
مظفرآباد میں سب سے زیادہ 2,319 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، باغ میں 114، میرپور میں 608 اور جہلم ویلی میں 16 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، نیلم میں 36، سدھنوتی میں 3، حویلی میں 6 اور پونچھ ضلع میں 42 کیسز کا اضافہ ہوا ہے۔
اس کے علاوہ، ضلع کوٹلی میں 18 اور بھمبر میں 12 کیسز سامنے آئے ہیں۔
ڈینگی کنٹرول روم کے مطابق آزاد کشمیر کے مختلف ہسپتالوں میں 26 مریض زیر علاج ہیں، جبکہ 431 مریض صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو منتقل ہو چکے ہیں، محکمہ صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈینگی مچھر کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اپنے گھروں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔