وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی ڈینگی ایکشن پلان پر مؤثر عملدرآمد کی ہدایت

Published On 21 October,2025 09:35 pm

پشاور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ڈینگی ایکشن پلان پر مؤثر عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے تمام محکموں کو ڈینگی ایکشن پلان پر عملدرآمد کی باقاعدہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ محکمہ اطلاعات ڈینگی آگاہی مہم کو یقینی بنائے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ تمام آگاہی مہم کے اشتہارات میں کسی بھی سیاسی شخصیت کی تصویر کے استعمال کی قطعی اجازت نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آگاہی مہم میں اراکین اسمبلی اور بلدیاتی نمائندوں کو شامل کیا جائے، تمام محکمے ڈینگی کے خلاف اپنی سرگرمیوں کا باقاعدہ فیڈ بیک دیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ہدایت کی کہ حساس اضلاع میں جنوری سے گھر گھر آگاہی مہم شروع کی جائے، شعبہ صحت کی خامیوں کو دور کر کے عوامی اعتماد بحال کرنا صوبائی حکومت کا ہدف ہے۔

سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ مریض کو ہسپتال میں سہولیات کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں ہونی چاہئے۔