ہری پور(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں باراتیوں کی گاڑی حادثے کا شکار ہونے سے چار خواتین اور ایک بچہ جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ہولناک حادثہ تھانہ خان پور کی حدود میں پیش آیا ، جہاں باراتیوں کی بس بریک فیل ہونے کے باعث حادثے کا شکار ہوگئی۔
پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں ڈرائیور نے بس کو کھائی میں گرنے سے بچانے کے لیے پہاڑی سے ٹکرا دیا، حادثے میں 2 خواتین اور ایک بچہ موقع پر ہی دم توڑ گیا جب کہ 27 افراد زخمی ہوگئے جن میں بچے، مرد اور خواتین شامل ہیں۔
دوسری جانب مقامی افراد اور ریسکیو اہلکاروں کی مدد سے تمام زخمیوں کو فوری طور پر ٹراما سینٹر ہری پور منتقل کیا گیا، جہاں سے متعدد افراد تشویشناک حالت کے باعث ایبٹ آباد ریفر کر دیے گئے۔
علاوہ ازیں حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات سامنے آ سکیں۔