حافظ نعیم کا افغانی وزیراعظم کو خط، زلزلہ میں جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

Published On 03 September,2025 10:56 pm

پشاور:(دنیا نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے افغان وزیر اعظم ملا حسن اخوند کو خط لکھ کر زلزلے پر جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم افغانستان ملا محمد حسن اخوند کے نام خط لکھا جس کو انہوں نے جماعت اسلامی رہنماؤں کے ہمراہ ارسال کیا وفد نے افغان قونصل جنرل سے ملاقات کی جن میں صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان ، عبدالواسع ، صابر حسین اور وقاص خان چمکنی شامل تھے۔

امیر جماعت اسلامی نے اپنے خط میں مشرقی افغانستان میں زلزلہ سے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جماعت اسلامی کی جانب سے افغانستان میں جاری امدادی سرگرمیوں میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے خط میں افغان عوام اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا اور الخدمت فاؤنڈیشن کو امدادی سرگرمیوں میں مکمل تعاون کے لیے ہدایات جاری کردیں۔

اپنے خط میں حافظ نعیم الرحمان نے مزید لکھا کہ کل سے امدادی سامان افغانستان بھیجنے کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا، سیلاب کی وجہ سے الخدمت کے ہزاروں کارکنان ملک بھر میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں، اس کے باوجود افغان بھائیوں سے بھی حتیٰ المقدور تعاون کیا جائے گا۔