پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریاں، 24 لاکھ سے زائد آبادی متاثر

Published On 08 September,2025 01:23 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے میں سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں کی تفصیلی رپورٹ جاری کردی۔

رپورٹ کے مطابق دریائے چناب، راوی اور ستلج میں شدید سیلابی صورتحال کے باعث پنجاب بھر میں مجموعی طور پر 3129 مواضع متاثر ہوئے جبکہ 24 لاکھ 8 ہزار سے زائد افراد براہِ راست متاثرہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق اب تک 9 لاکھ 32 ہزار 323 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، متاثرین کی رہائش اور خوراک کے لیے صوبے بھر میں 390 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں جہاں 16 ہزار 218 افراد مقیم ہیں اور انہیں کھانے پینے سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

دریائے چناب میں سب سے زیادہ تباہی
سیلابی صورتحال سے سب سے زیادہ نقصان دریائے چناب کے کنارے والے علاقوں میں ہوا ہے جہاں 1578 مواضع متاثر ہوئے اور 16 لاکھ 58 ہزار سے زائد افراد مشکلات سے دوچار ہوئے۔

یہاں سے 3 لاکھ 67 ہزار 742 افراد کا انخلا کیا گیا جبکہ 2 لاکھ 74 ہزار 713 مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، چناب کے متاثرہ علاقوں میں 151 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں جن میں 4 ہزار 392 افراد کو پناہ دی گئی ہے۔

مزید برآں 155 میڈیکل کیمپس میں اب تک 8 ہزار 437 مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے، دریائے چناب میں سیلاب کی وجہ سے مختلف حادثات میں 36 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے ہیں۔

دریائے راوی کی صورتحال
دریائے راوی کے کنارے 1033 مواضع متاثر ہوئے ہیں جہاں 3 لاکھ 66 ہزار سے زائد افراد مشکلات کا شکار ہیں، متاثرہ علاقوں سے اب تک 2 لاکھ 88 ہزار 111 افراد کا انخلا کیا جا چکا ہے جبکہ 2 لاکھ 17 ہزار 80 مویشی بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے۔

راوی کے متاثرہ علاقوں میں 109 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں جن میں 10 ہزار 710 متاثرین مقیم ہیں، 112 میڈیکل کیمپس میں اب تک 8 ہزار 687 مریضوں کو طبی امداد فراہم کی گئی ہے، دریائے راوی میں آنے والے سیلاب سے اب تک 5 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے۔

دریائے ستلج
رپورٹ کے مطابق دریائے ستلج کے کنارے 518 مواضع متاثر ہوئے ہیں اور یہاں متاثرین کی تعداد 3 لاکھ 83 ہزار سے زائد ہے، اب تک یہاں سے 2 لاکھ 76 ہزار 470 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جبکہ ایک لاکھ 56 ہزار 269 جانور بھی محفوظ مقامات پر پہنچائے گئے ہیں۔

ستلج کے متاثرہ علاقوں میں 130 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں جن میں 1116 افراد مقیم ہیں، 122 میڈیکل کیمپس میں 12 ہزار 680 مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے۔

خوش قسمتی سے دریائے ستلج کے متاثرہ علاقوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

مجموعی امدادی سرگرمیاں
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے بھر میں متاثرین کی فوری امداد کے لیے 389 میڈیکل کیمپس فعال ہیں جہاں اب تک 29 ہزار 804 متاثرہ مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں، اس کے علاوہ 335 ویٹرنری کیمپس میں مویشیوں کے علاج معالجے کی سہولت بھی جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب میں سیلابی صورتحال کے نتیجے میں اب تک 41 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کے مطابق متاثرین کی بحالی تک امدادی کارروائیاں جاری رہیں گی، حکومت تمام وسائل بروئے کار لا کر متاثرہ خاندانوں کو ریلیف فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ دوبارہ اپنے معمولات زندگی بحال کر سکیں۔