پنجاب میں سیلاب کے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے 12 ستمبر سے سروے

Published On 08 September,2025 12:14 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر صوبے بھر میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور امداد کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، اس سلسلہ میں 12 ستمبر سے جامع سروے کا آغاز ہوگا۔

سیلاب متاثرین کو ریلیف پیکج دینے سلسلے میں ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کی زیر صدارت پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس لاہور میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور متاثرین کو امداد فراہم کرنے کے فریم ورک کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا سمیت محکمہ آبپاشی، زراعت، لوکل گورنمنٹ، سی اینڈ ڈبلیو، اربن یونٹ اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

ریلیف کمشنر نبیل جاوید نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں 12 ستمبر سے جامع سروے شروع کیا جائے گا جس میں اربن یونٹ، پاک فوج، ریونیو فیلڈ اسٹاف، زراعت اور لائیو اسٹاک محکموں کے نمائندے شریک ہوں گے، سروے میں جانی نقصان، فصلوں کی تباہی، متاثرہ مکانات اور لائیو سٹاک کے نقصانات کا مکمل ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک صوبے کے 4 ہزار 155 موضع جات میں 41 لاکھ 51 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں، سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو فی کس 10 لاکھ روپے امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ تباہ شدہ پکے اور کچے گھروں کے مالکان کو بھی مالی امداد دی جائے گی۔

ریلیف کمشنر نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کی فصلوں کے لیے فی ایکڑ کے حساب سے امداد دی جائے گی اور ہلاک ہونے والے مویشیوں کے مالکان کو بھی معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امدادی پیکج کی حتمی منظوری وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف خود دیں گی تاکہ متاثرین کو شفاف اور بروقت امداد یقینی بنائی جا سکے۔