لاہور کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، بجلی کا ترسیلی نظام متاثر

Published On 08 September,2025 07:30 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا، بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کا ترسیلی نظام بیٹھ گیا۔

لاہور کے مختلف علاقوں کینال روڈ، جیل روڈ، مال روڈ، گلبرگ ، ملتان روڈ، جوہر ٹاؤن ، گارڈن ٹاؤن کے علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، کلمہ چوک، فیروز پور روڈ، اچھرہ، قرطبہ چوک، لکشمی چوک ، اسلام پورہ، ساندہ میں بھی بادل جم کر برسے۔

اسی طرح قینچی، چونگی امرسدھو، نشتر، گجومتہ، کاہنہ اور گردونواح میں بھی مون سون نے رنگ جما دیا، بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں لیسکو کے 80 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے اور کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے، بجلی کی بندش سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: شہر قائد میں آج رات سے کل پورا دن موسلادھار بارش کا امکان

واسا لاہور کی طرف سے اب تک کی بارش کے ریکارڈ کے مطابق شہر میں سب سے زیادہ بارش 112 ملی میٹر پانی والا تالاب میں ریکارڈ کی گئی، جیل روڈ پر 56 ملی میٹر، ایئرپورٹ 21 ملی میٹر ہیڈ آفس گلبرگ 76 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

لکشمی چوک میں 94.5 ملی میٹر ، اپر مال میں 50 ملی میٹر، مغلپورہ میں 29.5ملی میٹر، تاجپورہ میں 36ملی میٹر، نشتر ٹاؤن میں 74 میٹر جبکہ چوک نا خدا میں 70.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔

اس کے علاوہ پانی والا تالاب میں 112، فرخ آباد میں 94، گلشن راوی میں 65.5، اقبال ٹاؤن میں 97 ، سمن آباد میں 82.5، جوہر ٹاؤن میں 65.5، شادی پورہ میں 56 اور قرطبہ چوک میں 61 ملی میٹر بارش ہوئی۔