وزیراعظم آج جنرل اسمبلی اجلاس میں شریک ہوں گے، عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں طے

Published On 23 September,2025 11:51 am

نیویارک: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس میں آج پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف آج اقوام متحدہ کے باضابطہ افتتاحی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف امریکا اور قطر کی میزبانی میں عرب اور اسلامی ممالک کے خصوصی سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے، اجلاس میں وزیراعظم کو خصوصی شرکت کی دعوت دی گئی ہے، اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی شریک ہوں گے۔

دورے کے دوران وزیراعظم کا شیڈول نہایت مصروف ہے، جہاں وہ آسٹریا کی چانسلر کرسٹینا سٹاکر، کویت کے ولی عہد و وزیراعظم شیخ صباح الخالد، عالمی بینک کے صدر اجے بنگا اور آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کریں گے۔

ان ملاقاتوں کے دوران اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور ترقی کے اقدامات پر بات چیت متوقع ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف عالمی ترقیاتی اقدام (Global Development Initiative-GDI) کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں بھی شریک ہوں گے جہاں وہ پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے اور ترقیاتی اہداف پر خطاب کریں گے۔

وزیراعظم کی نیویارک میں مسلم لیگ کے رہنماؤں سے ملاقات

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں مسلم لیگ کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو پاکستان کے معاشی حالات خراب تھے، اب ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن اور مہنگائی میں بھی کمی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن بُنْیَانٌ مَرْصُوصٌ کے حوالے سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان فلسطین کے دو ریاستی حل کے مؤقف کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستانی عوام کے دل اپنے فلسطینی بھائیوں کیلئے دھڑکتے ہیں، اقوام متحدہ میں پاکستان ایک مرتبہ پھر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے مؤقف کو بھرپور انداز میں پیش کرے گا۔