پشاور:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے بھائی اور رکن قومی اسمبلی فیصل امین گنڈا پور نے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی کو ہتک عزت کا نوٹس بھیج دیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی فیصل امین گنڈا پور نے اپنے وکیل عدنان علی ایڈووکیٹ کی وساطت سے ایمل ولی کو قانونی نوٹس بھیج دیا۔
نوٹس میں بتایا گیا کہ اے این پی کے مرکزی صدر نے میڈیا گفتگو میں فیصل امین گنڈا پور پر بے بنیاد الزامات لگائے تھے، تمام الزامات جھوٹے، بے بنیاد اور سیاسی بدنیتی پر مبنی ہیں۔
نوٹس میں کہا گیا کہ ایمل ولی کی جانب سے حالیہ گفتگو میں فیصل امین گنڈا پور پر الزامات لگائے گئے کہ وہ خیبرپختونخوا میں گریڈ 1 سے گریڈ 21 تک کی ٹرانسفر اور پوسٹنگ کے لیے رشوت لیتے ہیں۔
مزید کہا گیا کہ تمام الزامات وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور صوبائی حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش ہیں۔
خیال رہے نوٹس میں ایمل ولی سے 14 دن میں غیر مشروط معافی کا مطالبہ کیا گیا ہے، بصورت دیگر ایک ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا جائے گا۔