ڈی جی آئی ایس پی آر کی جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے علما اور طلبہ کے ساتھ خصوصی نشست

Published On 26 September,2025 07:04 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاک فوج کے ترجمان لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے جامعہ عروۃ الوثقیٰ لاہور کا دورہ کیا جہاں علامہ سید جواد نقوی اور طلبہ و طالبات سے ملاقات کی۔

اس موقع پر پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاک فوج کے ملک کے اندرونی امن کے ساتھ ساتھ عالم اسلام کے مسائل پر نظر رکھے ہوئے ہے، پاکستان کا مستقبل نوجوان ہیں اور ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے ان کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج نے ہر دور میں ملک کے دفاع کی ذمہ داری پوری کی ہے، انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس آپریشن نے پاکستان کی ساکھ کو مضبوط کیا اور عالمی سطح پر ملک کا وقار بڑھایا ہے۔

اس موقع پر جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ طلبہ کو قومی ذمہ داریوں کا شعور دینا وقت کی ضرورت ہے تاکہ نئی نسل قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکے۔

طلبہ نے اس موقع پر مختلف مسائل پر سوالات کیے اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے تفصیل سے گفتگو کی اور کہا کہ پاک فوج ملک کے اندرونی امن کے ساتھ ساتھ عالم اسلام کے مسائل پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے اور قومی یک جہتی کے لیے ہر سطح پر اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

طلبہ نے فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نشست نے ان کے شکوک و شبہات دور کیے ہیں اور وہ منفی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں اور انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔